تحریک حماس، خطے میں تحریک مزاحمت کا حصہ ہے: محمود الزھار
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے رہنما محمود الزھار نے کہا ہے کہ ان کی تنظیم خطے کی تحریک مزاحمت کا حصہ ہے۔
حماس کے رہنما محمود الزھار نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی تنظیم خطے کے مزاحمتی محاذ کا ایک حصہ ہے اور ہم غزہ کے خلاف ہر جارحیت کا جواب دیں گے۔ انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ صیہونی دشمن حماس کو غزہ میں ایک اور جنگ کا ذمہ دار ٹہرانے کے لیے سرنگوں کے معاملے کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے اس اقدام کا مقصد غزہ پر جنگ مسلط کر نے کے لیے امریکہ کی مالی اور فوجی حمایت حاصل کرنا ہے۔ محمود الزھار نے فلسطینی اتھارٹی اور صہیونی دشمن کے درمیان سیکورٹی تعاون کو تحریک انتفاضہ قدس کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا۔ عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ابو احمد فواد نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلسطین کے مزاحمتی گروہ، حزب اللہ کے ساتھ براہ راست رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی دشمن تحریک مزاحمت کو ختم کرنے کے لیے تمام حربے استعمال کر رہا ہے۔