کرگل کے عوام کا ایران سے اظہارِ یکجہتی: معمولی عطیہ بنا غیرمعمولی مثال، علی وزیری
ضلع کرگل کے علاقے گنڈ منگلپور میں آج ایران کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور امدادی تعاون کے سلسلے میں منعقدہ ڈونیشن مہم کے دوران ایک نہایت متاثرکن اور قابلِ تحسین واقعہ پیش آیا۔
سحرنیوز/ہندوستان: ضلع کرگل کے علاقے گنڈ منگلپور میں آج ایران کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور امدادی تعاون کے سلسلے میں منعقدہ ڈونیشن مہم کے دوران ایک نہایت متاثرکن اور قابلِ تحسین واقعہ پیش آیا۔ جس نے مقامی لوگوں کے جذبۂ انسانیت اور ہمدردی کو ایک نئی مثال کے طور پر اجاگر کیا۔
تفصیلات کے مطابق ایران کے لیے جمع شدہ امدادی سامان کی نیلامی جاری تھی کہ اسی دوران ایک شخص کی جانب سے عطیہ کی گئی ایک مرغی کو نیلامی کے لیے پیش کیا گیا۔ حاضرین نے غیرمعمولی جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس معمولی عطیے کو غیرمعمولی اہمیت دی اور بالآخر ایک مخیر شخص نے اس مرغی کو 1 لاکھ 25 ہزار روپے کی خطیر رقم میں خرید کر انسانی ہمدردی اور یکجہتی کی ایک شاندار مثال قائم کی۔
مقامی لوگوں کے مطابق یہ واقعہ اس بات کی واضح علامت ہے کہ کرگل کے عوام ہمیشہ عالمی سطح پر پیش آنے والے انسانی مسائل پر حساس ردعمل دیتے ہیں اور ضرورت کی ہر گھڑی میں متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑے رہنے کا عملی ثبوت پیش کرتے ہیں۔
علاقہ کے منتظمین نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایک سادہ سا عطیہ جب اجتماعی جذبے سے جڑ جائے تو وہ معاشرے کے اندر اتحاد، اخوت اور ایثار کی روشن علامت بن جاتا ہے۔
یہ واقعہ نہ صرف ایران کے عوام کے ساتھ کرگل کے لوگوں کی مضبوط یکجہتی کا مظہر ہے بلکہ انسانیت کی خدمت کے جذبے کی ایک ایسی مثال بھی ہے جو یقیناً دوسروں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگی
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel