افغانستان، حکمتیار کی جانب سے جنگ یمن میں سعودی عرب کی حمایت
افغانستان کی رفاہ ملی پارٹی کے رہنما نے انکشاف کیا ہے کہ سابق جہادی لیڈر حکمت یار نے یمن میں مسلم کشی کے عمل میں سعودی عرب کے ساتھ اتحاد کر لیا ہے۔
کابل میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رفاہ ملی پارٹی کے سربراہ محمد حسن جعفری نے کہا کہ حکمتیار جہادی رہنماؤں کی صف سے باہر نکل گئے ہیں اور وہ یمن میں مسلمانوں کے قتل میں سعودی حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں۔ انہوں نے افغانستان کی حکومت اور قومی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ طالبان اور داعش کے لئے سعودی عرب کی حمایت پر خاموش نہ رہیں۔ دو ہفتے قبل بعض ذرائع ابلاغ نے ایسی خبریں دی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب کے دباؤ پر افغان نوجوانوں کو جنگ میں شرکت کے لئے یمن بھیجا جا رہا ہے۔ قبل ازیں ایسی خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ اس سال حج پر جانے والے بیشتر افغان شہری اپنے گھروں کو واپس نہیں لوٹے ہیں اور سعودی حکومت نے انہیں جنگ کے لئے یمن بھیج دیا ہے۔