سعودی عرب، انتظامیہ نے الاحساء کے امام جمعہ کو نظر بند کر دیا
سعودی عرب کی انتظامیہ نے مشرقی شہر الاحسا کے امام جمعہ کو ان کے گھر میں نظر بند کر دیا۔
الاحساء میں سیاسی کارکنوں کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت کی سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے الاحساء کے امام جمعہ حسین الراضی کو ان کے گھر میں نظر بند کر دیا تاکہ انہیں تقریریں کرنے اور نماز جمعہ میں خطبہ دینے سے روکا جا سکے۔ واضح رہے کہ الاحساء کے امام جمعہ حسین الراضی نے حال ہی میں سعودی عرب کے ممتاز عالم دین آیت اللہ شیخ باقر النمر کو شہید کرنے کے سعودی حکومت کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی حکومت اپنے سیاسی مخالفین کو قید کر کے انہیں موت کی سزا دے دیتی ہے۔ سعودی حکومت نے گذشتہ دو جنوری کو ممتاز عالم دین آیت اللہ شیخ باقر النمر کو بے دردی کے ساتھ شہید کر دیا تھا۔ سعودی حکومت کے اس وحشیانہ اقدام کی، پوری دنیا اور خاص طور پر اسلامی ملکوں میں مذمت کی گئی تھی۔ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے شیعہ مسلمانوں پر آل سعود حکومت کے تشدد آمیز اور ظالمانہ اقدامات سے ملک کے مشرقی علاقوں کے حالات روز بروز بگڑتے جا رہے ہیں۔