Feb ۱۹, ۲۰۱۶ ۱۳:۲۰ Asia/Tehran
  • افغانستان ایران تعلقات میں فروغ آرہا ہے۔ عبداللہ عبداللہ

افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نےکہا ہے کہ افغانستان اور ایران کے درمیان تعلقات مسلسل فروغ پارہے ہیں۔

کابل میں خبر رساں ایجنسی ارنا کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو نے کہا کہ حالیہ مہینوں کے دوران کابل تہران تعلقات میں مزید فروغ پیدا ہوا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کی سطح اطمینان بخش ہے۔

عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ ایران میں پارلیمنٹ اور ماہرین کی کونسل کے انتخابات کے بعد ، دونوں ملکوں کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس تہران میں ہوگا۔

انہوں نے ہرات اسلام قعلہ شاہراہ سے ایرانی ٹرک ڈرائیوروں کے اغوا کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک خصوصی کمیٹی اس معاملے کا جائزہ لے رہی ہے اور اس کے نتائج جلد سامنے آنے کی توقع ہے۔

افغانستان سے متعلق مذاکرت کے نئے مرحلے میں روس، ہندوستان اور ایران کی شرکت کے بارے میں عبداللہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ تاحال اس بارے میں باضابطہ طور پر کوئی بات سامنے نہیں آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کی حکومت ، ایران کی چابہار بندرگاہ سے استفادے میں دلچسپی رکھتی ہے اوراس سلسلے میں افغان تاجروں کو ترغیب بھی دلائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کام افغانستان ایران اور ہندوستان کے درمیان سہ فریقی طور پر انجام پارہا ہے۔

پاکستان کے ساتھ تعلقات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے کابل اسلام آباد تعلقات کو بہتر بنانے اور کشیدگی میں کمی کی بہت کوشش کی ہے لیکن ان کوششوں کی کامیابی کا دار مدار فریقین کے رویئے پر منحصر ہے۔