Feb ۱۹, ۲۰۱۶ ۱۷:۰۲ Asia/Tehran
  • شام کے کرد آبادی والے علاقوں پر ترک فوج کے حملے

ترک فوج نے ایک بار پھر شمالی شام کے کرد آبادی والے علاقوں پر مارٹر گولے داغے ہیں جن کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب داعش اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے خلاف شامی فوج اور کرد ملیشیا کی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

ترک فوج، شام کے شہر تل رفعت اور صوبہ حلب کے شمالی علاقوں، منغ ، دیر الجمال اور کفرنایا پر گولہ باری کر رہی ہے جس کے دوران متعدد عام شہری مارے گئے ہیں۔

جمعرات کی شب عفرین شہر اور اس کے نواحی علاقوں پر ترک فوج کی گولہ باری میں متعدد افراد ہلاک اور تیس کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔

ترک فوج گزشتہ ہفتے کے اوائل سے شامی کردوں کی تنظیم کردستان یونائیٹڈ ڈیموکریٹک پارٹی کی ملیشیا کے ٹھکانوں پر گولہ باری کر رہی ہے۔

شامی فوج کی کامیابی کے ساتھ ساتھ کرد ملیشیا نے بھی شمالی حلب اور ترکی کی سرحد کے قریب واقع دہشت گردوں کے زیر قبضہ علاقوں میں پیش قدمی کرتے ہوئے متعدد علاقوں کو آزاد کرا لیا ہے۔

شمالی محاذ پر روسی جنگی طیاروں کی پشت پناہی میں شامی فوج اور کرد ملیشیا کی کامیاب کارروائیوں نے ترکی کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کو بند گلی میں پہنچادیا ہے یہی وجہ ہے کہ ترک فوج نے کرد ملیشیا کے ٹھکانوں پر بمباری شروع کردی ہے۔

شمالی شام کے علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں کرد ملیشیا اہم کردار ادا کررہی ہے اور اس نے شمال مشرقی شام کے صوبے حسکہ کے اڑتالیس علاقوں پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے اور ترکی کی جانب داعش کی سپلائی لائن کاٹ دی ہے۔

کرد ملیشیا کی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ شامی فوج نے بھی شمالی صوبے لاذقیہ میں پیش قدمی کی ہے اور کنسابہ کے علاقے کو دہشت گردوں کے قبضے سے مکمل طور پر آزاد کرالیا ہے۔ شامی فوج اور نیشنل ڈیفنس فورس کے جوان قلعہ شلّف، جبل طوبال، اور کیخیا کی جانب سے حملہ کر کے کنسابہ کے اسٹریٹیجک پہاڑی علاقے میں داخل ہوگئے اور شہر کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔

کنسابہ پر قبضے کے بعد لاذقیہ سے حلب جانے والی بین الاقوامی شاہراہ پر امن بحال ہوگیا ہے اور اب شامی فوج ایک اور اہم شہر جسر ناریا کی جانب پیش قدمی کر رہی ہے۔

اس پیشرفت کے علاوہ ادلب صوبے میں دہشت گردوں کے زیر قبضہ متعدد شہر اور علاقے شامی فوج کی زد پر آگئے ہیں ۔

جنوب مشرقی صوبے حمص میں بھی شامی فوج کو ، مکاسر اور مطاحن جیسے اہم علاقوں پر مکمل تسلط حاصل ہوگیا ہے اور دہشت گردوں نے ان علاقوں سے بھاگنا شروع کردیا ہے۔ شامی فوج جنوب مشرقی حمص کے علاقوں کو دہشت گردوں کے نصب کردہ بموں اور بارودی سرنگوں سے صاف کرنے میں مصروف ہے۔

ٹیگس