Feb ۲۶, ۲۰۱۶ ۲۰:۲۶ Asia/Tehran
  • بحرینی عوام اپنی جد و جہد سے ہرگز دستبردار نہیں ہوں گے

بحرینی عوام کے مذہبی قائد آیۃ اللہ شیخ عیسی قاسم کے نمائندے نے کہا ہے کہ بحرینی عوام اپنے مطالبات پورے ہونے تک پرامن جد وجہدجاری رکھیں گے۔

بحرین کے ممتاز مذہبی رہنما آیۃ اللہ شیخ عیسی قاسم کے نمائندے شیخ عبد اللہ الدقاق نے تسنیم نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحرین کی آل خلیفہ حکومت، سعودی عرب کی مالی امداد حاصل کرنے کے لئے بحرینی عوام کی مذہبی آزادی کو سلب کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کے پیش نظر آل خلیفہ حکومت دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورت حال میں بحرینی حکومت کو سعودی حکومت کی مالی مدد کی ضرورت ہے۔ آیۃ اللہ شیخ عیسی قاسم کے نمائندے عبد اللہ الدقاق نے کہا کہ ہمارے علماء ہمیشہ عوام کے لئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحرینی علماء نے پوری ثابت قدمی کے ساتھ آل خلیفہ کے ظالمانہ اقدامات کا مقابلہ کیا ہے اور ان کے سازشی منصوبوں کو ناکام بنایا ہے۔ انہوں نے بحرینی علماء کو گرفتار اور انہیں ملک بدر کرنے کے آل خلیفہ حکومت کے اقدامات کے بارے میں کہا کہ ہمارے علماء ہمیشہ ثابت قدم رہے ہیں اور اسی وجہ سے شاہی حکومت ان کو نشانہ بنا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بحرینی حکومت ہمیشہ طاقت کے نشے میں چور رہتی ہے اور یہ سمجھتی ہے کہ وہ بہت مضبوط ہے لیکن وہ اس حقیقت سے غافل ہے کہ ملک کی صورت حال دھماکہ خیز ہوچکی ہے۔ آیۃ اللہ شیخ عیسی قاسم کے نمائندے نے کہا کہ بحرین اور بحرینی عوام کی صورت حال اس وقت راکھ کے نیچے دبی ہوئی چنگاری کی مانند ہے جو کبھی بھی شعلہ بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحرینی عوام اپنے مطالبات سے ہرگز دستبردار نہیں ہوں گے۔