جنیوا میں بحرینی شہریوں کا مظاہرہ
بحرینی شہریوں نے جنیوا میں ایک مظاہرہ کرکے بحرین کی آل خلیفہ حکومت کی انسانیت سوزکارروائیوں کے خلاف عالمی برادری کے عملی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے
بحرینی شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی عمارت کے باہر اجتماع کرکے عالمی برادری اور بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ بحرین میں سیاسی اصلاحات کویقینی بنانے کے لئے آل خلیفہ حکومت پردباؤ ڈالیں - بحرینی مظاہرین کا کہنا تھا کہ آل خلیفہ حکومت نے اس بات کا وعدہ کیا تھا کہ وہ بسیونی تحقیقاتی کمیٹی اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی سفارشات پر عمل کرے گی لیکن اس کے باجود بحرین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے واقعات میں اضافہ ہورہاہے - جنیوا میں بحرینی مظاہرین، جیلوں میں بند سیاسی رہنماؤں کی تصویریں اپنےہاتھوں میں اٹھائے ہوئے تھے اور نعرے لگارہے تھے کہ سبھی سیاسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے- واضح رہے کہ بحرین میں فروری دوہزار گیارہ سے عوام کے پرامن مظاہرے جاری ہیں - بحرینی عوام اپنے ملک میں سیاسی اصلاحات کے نفاذ ، آزادی اورجمہوریت کا مطالبہ کررہے ہیں - اس دوران آل خلیفہ حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں اور سعودی فوجیوں نے پرامن مظاہروں کوکچلتے ہوئے سیکڑوں بحرینی شہریوں کو شہید اور زخمی کیا ہے - جبکہ بڑی تعداد میں مذہبی و سیاسی رہنما اور انسانی حقوق کے کارکن جیلوں میں بند ہیں -