Mar ۱۰, ۲۰۱۶ ۱۸:۵۳ Asia/Tehran
  • آل خلیفہ حکومت نے مزید دو سو سے زائد بحرینی شہریوں کی شہریت ختم کر دی

بحرین کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت جمعیت الوفاق نے سیاسی مخالفین کی شہریت سلب کرکے انہیں ملک بدر کرنے کے آل خلیفہ حکومت کےا قدام کی ایک بار پھر مذمت کی ہے۔

بحرین کی جمعیت الوفاق نے جمعرات کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ آل خلیفہ حکومت نے دو سو سے زائد بحرینی شہریوں کی شہریت سلب کر لی ہے - جمعیت الوفاق کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بحرین کی شاہی حکومت اپنے سیاسی مخالفین کو مذہبی اور سیاسی بنیادوں پر ملک بدرکر رہی ہے جبکہ ابھی ان کے مقدمات کی سماعتیں بھی مکمل نہیں ہوئی ہیں-

بحرین کے انسانی حقوق کے مرکز نے بھی بحرین کے سیاسی مخالفین کی شہریت سلب اور انہیں ملک بدر کرنے کے آل خلیفہ کے اقدام کو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے - بحرین کے انسانی حقوق کے مرکز نے اعلان کیا ہے کہ ان شہریوں کی شہریت سلب کرکے انہیں ملک بدر کر دینا کہ جن کا جرم صرف اپنے نظریات کا اظہار کرنا ہے، آئین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے - بحرین کے انسانی حقوق کے مرکز نے آل خلیفہ حکومت کے اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے-

واضح رہے کہ بحرین کی شاہی حکومت نے ابھی حال ہی میں ملک کے پندرہ علما کی بھی شہریت سیاسی اور مذہبی بنیادوں پر سلب کر لی ہے۔