سعودی عرب کے مجرمانہ اقدامات علاقے کی سلامتی اور استحکام کے لئے خطرہ ہیں: بحرین کے ایک انقلابی رہنما کا بیان
بحرین کے ایک انقلابی رہنمانے کہا ہے کہ سعودی عرب کے مجرمانہ اقدامات علاقے کی سلامتی اور استحکام کے لئے خطرہ ہیں۔
بحرین کےچودہ فروری نامی انقلابی جوانوں کے اتحاد کے رہنما عصام المنامی نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور بحرین کی شاہی حکومتیں دہشت گرد گروہوں منجملہ داعش اور القاعدہ کی حمایت کر کے علاقے کے ملکوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں اور علاقے کی قوموں کے درمیان پرامن بقائے باہمی کے ماحول کو خراب کو کر رہی ہیں-
بحرین کے انقلابی رہنما عصام المنامی نے بحرین میں سعودی فوج کی مداخلت کے پانچ سال پورے ہونے کے موقع پر کہا کہ بحرینی عوام کو گذشتہ پانچ برسوں سے کچلا اور ان کا قتل عام کیا جا رہا ہے اور لوگوں کو جیلوں میں بند کیا جا رہا ہے- انہوں نے کہا آل سعود اور آل خلیفہ کی حکومتوں نے کسی بھی طرح کے مجرمانہ اقدام سے دریغ نہیں کیا ہے- یاد رہے کہ بحرینی عوام کی پرامن تحریک کو کچلنے کے لئے سعودی عرب کی فوج چودہ مارچ دو ہزار گیارہ کو بحرین میں داخل ہوئی تھی- بحرین کے مذکورہ انقلابی رہنما نے کہا کہ یمن، عراق، شام اور لبنان میں سعودی حکومت کے جرائم علاقے کی کسی بھی قوم سے پوشیدہ نہیں ہیں۔