Mar ۲۰, ۲۰۱۶ ۱۸:۰۲ Asia/Tehran
  • حکومت بحرین سیاسی مخالفین کی شہریت منسوخ کرنے کا سلسلہ بند کرے

ہیومن رائٹس واچ نے حکومت بحرین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سیاسی مخالفین کی شہریت منسوخ کرنے کا سلسلہ بند کردے۔

ہیومن رائٹس واچ کے مشرق وسطی کے ڈائریکٹر جو اسٹورک نے کہا کہ حکومت بحرین کو سیاسی مخالفین کی شہریت منسوخ اور انہیں ملک بدر کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کر دینا چاہئے۔ ہیومن رائٹس واچ کی جانب سے یہ مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب بحرین کی ایک عدالت کی جانب سے نو شہریوں کی ملک بدری کا حکم جاری کرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حکومت بحرین ایسے ہی اقدام کے تحت اکیس فروری سے اب تک پانچ سیاسی مخالفین کی شہریت منسوخ کر کے انہیں ملک سے نکال چکی ہے۔ حکومت بحرین نے سن دو ہزار پندرہ کے دوران دو سو آٹھ بحرینیوں کی شہریت منسوخ کر دی تھی۔ ہیومن رائٹس واچ کے ڈائریکٹر جو اسٹورک نے بحرین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کی ملک بدری غیر قانونی ہے اور اس کے نتیجے میں متعدد خاندان ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جائیں گے۔ انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ حکومت بحرین یہ سلسلہ فوری طور پر بند کرے اور ملک بدر کئے گئے شہریوں کو واپس آنے کی اجازت دے۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں پر محض حکومت کی مخالفت کے الزام کے تحت غیر منصفانہ طریقے سے مقدمہ چلایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے عوامی تحریک جاری ہے اور اس ملک کے عوام سیاسی اصلاحات اور جمہوریت کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔