Mar ۲۳, ۲۰۱۶ ۱۴:۳۷ Asia/Tehran
  • ترکی کی حکومت پر حزب اختلاف کے رہنما کی تنقید

ترکی کے حزب اختلاف کے رہنما نے کہا ہے کہ اردوغان حکومت نے ترکی کو دہشت گردوں کی ٹریننگ کے مرکز میں تبدیل کر دیا ہے۔

ترکی کی حزب اختلاف عوامی جمہوری پارٹی کے سربراہ قلیچدار اوغلو نے اپنی پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ سے خطاب میں یہ سوال اٹھایا کہ آیا ترکی میں موجودہ سسٹم باقی رہ سکتا ہے؟ اور موجودہ صورت حال کا ذمہ دار کون ہے؟۔ انھوں نے کہا کہ استنبول میں دھماکہ ہوتا ہے گالاتا سرائے ڈربی اور فنر باغچہ کھیل کے مقابلے منسوخ ہو جاتے ہیں اور آج حکام یہ کہتے ہیں کہ عوام اپنے روز مرہ کے معمولات جاری رکھ سکتے ہیں۔ انھوں نے حکومتی ارکان سے سوال کیا کہ کیا آپ کھیل کے مقابلوں اور میچوں کی سلامتی کو یقینی بنانے پر قادر ہیں؟ کیا آپ غیر ملکی سیاحوں کی حفاظت پر قادر ہیں کہ وہ ترکی آئیں؟۔ انھوں انقرہ کے حکام سے سوال کیا کہ آپ ترکی میں امن و امان کیسے قائم رکھیں گے؟۔ ترکی کے حزب اختلاف کے رہنما نے کہا کہ جو حکومت ہم وطنوں کی جان و مال کی حفاظت نہ کر سکے وہ ملک کے مسائل کیا حل کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکام نے ملک کو خود کش دھماکے کرنے والوں کی ٹریننگ کے مرکز میں تبدیل کر دیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ چھے مہینے میں ترکی کے دارالحکومت انقرہ اور معروف شہر استنبول میں چھے دہشت گردانہ حملے ہوئے جن میں سیکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ آخری دہشت گردانہ حملہ گزشتہ سنیچر کو شہر استنبول میں ہوا جس میں کئی غیر ملکی سیاح مارے گئے۔