Mar ۲۴, ۲۰۱۶ ۱۳:۰۱ Asia/Tehran
  • تاریخی شہر تدمر کو آزاد کرانے کے لیے شامی فوج کی کارروائی

شامی فوج نے تاریخی شہر تدمر کو آزاد کرانے کی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے اس قدیم تاریخی شہر کے مغربی حصے پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق شامی فوج نے اس وقت تدمر شہر کے کئی اہم حصوں پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور وہ دوسرے حصوں کو بھی آزاد کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔

شام کا تاریخی شہر تدمر حمص کے مشرقی نواحی علاقے میں واقع ہے جس پر داعش نے مئی دو ہزار پندرہ میں قبضہ کر لیا تھا اور تب سے لے کر اب تک اس نے اس شہر کے کئی تاریخی مقامات کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ انھیں لوٹ لیا ہے۔

تدمر اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کے عالمی ورثے کی فہرست میں درج ہے۔

روس کی وزارت دفاع نے اس سے قبل ایک بیان میں شامی فوج کی تدمر شہر کی طرف پیش قدمی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا تھا کہ تدمر شہر پر کنٹرول حاصل کرنے سے الرقہ اور دیرالزور کی طرف جانے کا راستہ کھل جائے گا اور عراق کے ساتھ شام کی سرحد کو کنٹرول کرنے کے حالات فراہم ہو جائیں گے۔

دہشت گرد گروہ داعش نے عراق اور شام میں منظرعام پر آنے کے بعد سے اب تک بہت زیادہ جرائم کا ارتکاب کیا ہے اور ان دونوں ملکوں کے عوام پر سخت قوانین لاگو کر کے انھیں شدید دباؤ میں رکھا ہوا ہے۔ اس دہشت گرد گروہ نے اب تک اپنے زیرقبضہ علاقوں میں ہزاروں افراد کو اپنی مخالفت کرنے کے الزام میں وحشیانہ طریقوں سے موت کے گھاٹ اتارا ہے۔

ٹیگس