Mar ۲۵, ۲۰۱۶ ۱۵:۴۴ Asia/Tehran
  • تحریک انتفاضہ قدس جاری رہے گی، حماس کی تاکید

حماس کے نائب سربراہ اسما‏عیل ہنیہ نے فلسطینی امنگوں کی تکمیل تک تحریک انتفاضہ قدس جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اسماعیل ہنیہ نے غزہ میں ایک کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ تحریک انتفاضہ قدس ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے اور فلسطینی نوجوان اس میں پیش پیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انتفاضہ قدس کو روکنے کی تمام تر کوششوں کے باجود فلسطینی نوجوانوں اس تحریک کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ ڈاکٹر اسما‏عیل ہینہ نے کہا کہ حماس، اسلامی نظریات کی بنیاد پر قائم ہونے والی قومی آزادی کی ایک تحریک ہے اور اس کے ہتھیار صرف غاصب صیہونی حکومت کے خلاف استعمال ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسجدالاقصی کی آزادی تمام فلسطینیوں کا اسٹریٹیجک ہدف ہے اور یہ ہدف ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے۔

ڈاکٹر اسما‏عیل ہنیہ نے کہا کہ حماس، مسجدالاقصی کی آزادی کے لئے اپنی پوری توانائیاں بروئے کار لا رہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ "ہماری تحریک القدس کے لئے ہے" کے زیر عنواں منقعدہ اس کانفرنس میں ہزاروں فلسطینی شریک ہوئے۔