یمنی عوام جان کی بازی لگانے کے لئے تیار
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل کے سربراہ نے کہا ہے کہ یمنی عوام اپنے ملک کی آزادی و سربلندی کے لئے جان کی بازی لگانے کے لئے آمادہ ہیں۔
ذرائع کے مطابق یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل کے سربراہ صالح الصماد نے یمن پر سعودی جارحیت کی برسی کی مناسبت سے منعقد کئے جانے والے ایک بڑے اجتماع سے اپنے خطاب میں تاکید کے ساتھ کہا کہ تسلط پسند طاقتوں کو جان لینا چاہئے کہ استقامت کا مظاہرہ کرنے والی قوم، کبھی شکست نہیں کھا سکتی اور کامیابی، اس قوم کے قدم چومے گی۔
انھوں نے کہا کہ یمن پر جارحیت کے دوران ہر طرح کے وسائل و ہتھکنڈوں کا استعمال کیا گیا مگر جارح طاقتیں نہ صرف کوئی پیشقدمی نہیں کر سکیں بلکہ انھیں مالی و اقتصادی بحران کا بھی سامنا کرنا پڑ گیا۔
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل کے سربراہ صالح الصماد نے کہا کہ یمنی عوام، اپنے معمولی وسائل و ذرائع کے ساتھ کامیابی کی طرف آگے بڑھ رہے ہیں اور جارح طاقتوں کو شکست ہو رہی ہے۔