یمن پر سعودی عرب کی تازہ جارحیت، مزید کئی افراد شہید
یمن پرسعودی عرب کی تازہ ترین وحشیانہ جارحیت میں کم سے کم تیرہ عام شہری شہید ہو گئے۔
المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے خبر دی ہے کہ آل سعود کے جنگی طیاروں نے جنوب مغربی صوبے تعز کے رہائشی علاقوں پرشدید بمباری کی جس میں دس عام شہری شہید ہو گئے- سعودی لڑاکا طیاروں نے شمالی صوبے عمران کے قصبے بنی صریم پر بھی بمباری کی جس میں ایک خاتون شہید اور دو بچے زخمی ہو گئے۔
سعودی لڑاکا طیاروں نے صوبہ مارب کے شہر صرواح میں بھی ایک تجارتی مرکز پر بمباری کر دی جس میں دو عام شہری شہید اور ایک زخمی ہو گیا۔
دوسری جانب یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے صوبہ تعز کے حیفان شہر میں سعودی عرب کے اتحادیوں کے ٹھکانوں پر ایک کارروائی کر کے بھاری مقدار میں ان کے ہتھیاروں اور گولہ بارود کو تبا ہ کر دیا۔ یمنی فوج کےمیزائلی یونٹ نے بھی تعز کے وازعیہ اور ذباب شہروں میں سعودی اتحادیوں کے ٹھکانوں پر حملہ کر کے دسیوں سعودی اتحادیوں کو ہلاک کر دیا۔