بحرین: جمہوریت کےحامیوں کو طویل المدت قید کی سزائیں
بحرین کی شاہی حکومت کی ایک عدالت نے اپنے ظالمانہ فیصلے میں دس افراد کو طویل قید کی سزا سنائی ہے۔
مذکورہ دس افراد پر شیعہ آبادی والے ایک علاقے میں جمہوریت کے حق میں ہونے والے مظاہروں کے دوران شاہی حکومت کے پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ شاہی حکومت کی نمائشی عدالت نے دس میں سے چار افراد کو عمر قید اور باقی چھے کو پندرہ سال قید کی سزا سنائی ہے۔
انسانی حقوں کی علاقائی اور عالمی تنظیموں کے مطابق تین ہزار سے زیادہ سیاسی قیدی اس وقت بحرین کی مختلف جیلوں میں بند ہیں۔ ان میں سے پیشتر افراد کو شاہی خاندان کی مخالفت اور جمہوریت کے حق میں مظاہرے کرنے کے الزام میں جیلوں میں بند کر دیا گیا ہے۔
بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے عوامی تحریک جاری ہے اور اس ملک کے عوام اپنے جمہوری حقوق دیئے جانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ سعودی عرب کی حمایت یافتہ شاہی حکومت ملک کی اکثریتی شیعہ آبادی کو ان کے جمہوری حقوق دینے کے بجائے سعودی فوجیوں کے ساتھ مل کر عوامی تحریک کو کچلنے کی کوشش کر رہی ہے۔