Mar ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۸:۳۸ Asia/Tehran
  • عالمی ادارے فلسطین کی سرزمینوں پر غاصبانہ قبضہ ختم کرانے کے تعلق سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں: عرب لیگ کا مطالبہ

عرب لیگ نے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطین کی سرزمینوں پر غاصبانہ قبضہ ختم کرانے کے تعلق سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

عرب لیگ نے بدھ کو یوم الارض کی مناسبت سے ایک بیان جاری کر کے مطالبہ کیا کہ فلسطینیوں پر صیہونیوں کے مظالم بند کرائے جائیں اور ایک آزاد فلسطینی مملکت کے قیام کی راہ میں حائل سبھی رکاوٹیں دور کرائی جائیں- عرب لیگ نے اپنے بیان میں عالمی اداروں سے مطالبہ کیاہے کہ وہ فلسطینیوں پر مظالم بند کرنے کے لئے صیہونی حکومت پر دباؤ ڈالیں-

عرب لیگ نے اپنے بیان میں صیہونیوں کے اقدامات کے خطرات کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک ایک آزاد فلسطینی مملکت کہ جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو، قائم نہیں ہو جاتی اس وقت تک خطے میں امن قائم نہیں ہو سکےگا- عرب لیگ کے بیان میں صیہونی حکومت کی پالیسیوں کو ہی علاقے اور دنیا میں امن و صلح کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا گیا ہے-

بیان میں کہا گیا ہے کہ یوم الارض کی تحریک صیہونیوں کے ذریعے فلسطینیوں کی زمینوں پر زبردستی قبضہ کئے جانے کے اقدامات کے جواب میں شروع ہوئی ہے- تیس مارچ پورے فلسطین میں یوم الارض کے طور پر منایا جا رہا ہے-