Mar ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۹:۳۷ Asia/Tehran
  •  بشار اسد نے شامی ماؤں کے صبر و حوصلے کو سلام پیش کیا ہے

شام کے صدر بشاراسد نے دمشق میں یوم مادر کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب میں شام کی جنگ میں جاں بحق ہونے والے فوجیوں کے اہل خانہ اور ان کی ماؤں سے ملاقات میں ان کے صبر و حوصلے کو سلام پیش کیا ہے۔

شام کے صدر نے بدھ کو جنگ میں زخمی ہونے والے فوجیوں اور ان کی ماؤں نیز مارے گئے فوجیوں کی ماؤں سے ملاقات میں کہا کہ آپ لوگ شامی فوج، حکومت اور عوام کی استقامت اور معنوی توانائیوں میں اضافے کا باعث ہیں- صدر بشار اسد نے کہا کہ یوم مادر ایک خاندانی جشن ہے جس کے دوران بچے ماؤں کی زحمتوں کا احساس کر کے ان کے حضور خراج تحسین پیش کرتے ہیں- انہوں نے کہا لیکن گذشتہ پانچ برسوں سے شام میں جو حالات پیدا کئے گئے ان کے پیش نظر شام کی ماؤں کی عظمت و منزلت ان کی فداکاریوں کی وجہ سے اور زیادہ اجاگر ہو گئی ہے، اس لئے یوم مادر کو اور زیادہ عظمت و شکوہ کے ساتھ منانے کی ضرورت ہے-

شام کے صدر نے زخمی ہونے والے فوجیوں کا علاج کرنے والے طبی عملے سے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کی کوشش یہ ہونی چاہئے کہ ہمارے یہ جوان پوری طرح صحت یاب ہو کر اپنے گھر والوں اور معاشرے کی آغوش میں دوبارہ واپس آ جائیں- انہوں نے کہا کہ ایسا نہ ہو کہ یہ فوجی جوان اس طرح رہیں کہ انہیں ہمیشہ دوسروں کی مدد کی ضرورت پڑتی رہے۔