افغانستان اور پاکستان کی سلامتی ایک دوسرے سے جڑی ہو ئی ہے
افغانستان کے وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے کہا ہے کہ افغانستان اور پاکستان کی سلامتی ایک دوسرے سے وابستہ ہے۔
صلاح الدین ربانی نے کابل میں پاکستان کے سفارت خانے میں اس ملک کے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب میں کہا کہ افغانستان اور پاکستان کی سلامتی، ایک دوسرے سے اس طرح سے جڑی ہو ئی ہے کہ کسی ایک ملک کی سلامتی کو اگر کوئی خطرہ لاحق ہوا تو دوسرے ملک کی سلامتی کو بھی خطرہ لاحق ہو گا۔
افغانستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ کابل نے ہمیشہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف مہم اور علاقے میں امن و استحکام کے قیام کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔ صلاح الدین ربانی نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان، سخت حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ رہے ہیں اور آئندہ بھی ساتھ رہیں گے اور امید کی جاتی ہے کہ دونوں ممالک اپنے مفادات پر توجہ دیتے ہوئے مشترکہ خطرات کا مقابلہ کرنے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے۔
دوسری جانب کابل میں پاکستان کے سفیر نے کہا کہ افغانستان میں امن، پاکستان، علاقے اور پوری دنیا میں امن کی مانند ہے۔ کابل میں پاکستان کے سفیر سید ابرار حسین نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام یقینی طور پر پاکستان، علاقے اور پوری دنیا میں امن و استحکام کے مترادف ہے اور امن و استحکام اور معاشی ترقی کا حامل افغانستان، پاکستان کی ایک بڑی قومی آرزو ہے۔