مغرب ناقابل اعتماد ہے: بشار اسد
-
بشار اسد نے کہا کہ موجودہ حساس حالات میں ہر ملک کو اپنے عوام پر بھروسہ کرنا چاہیے۔
شام کے صدر نے کہا ہے کہ شام کے بحران سے ہم نے جو اہم ترین سبق حاصل کیا ہے وہ یہ ہے کہ مغرب ناقابل اعتماد ہے اور ہر مسئلے کے حل کے لیے مغرب پر بھروسہ کرنا ناممکن ہے۔
شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق شام کے صدر بشار اسد نے روسی خبررساں ایجنسی اسپوٹنک سے خصوصی انٹرویو میں شام کے حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مغرب بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور سے ماورا پالیسی پر عمل کر رہا ہے اور اسی بنا پر ہمیں ایسے ملکوں کو دوست بنانا چاہیے کہ جو بحران کے زمانے میں ہمارے ساتھ کھڑے ہوں۔
بشار اسد نے اس بات پر زور دیا کہ اس بحران میں ہمیں انسانوں کو درپیش مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انھوں نے کہا ہم ایک ایسی دنیا میں زندگی بسر کر رہے ہیں کہ جہاں اس وقت سیاست میں کسی بھی قسم کے بین الاقوامی قوانین اور اخلاقیات موجود نہیں ہیں لیکن ہر چیز سے قبل ہر قسم کے فرقہ وارانہ اور سیاسی تعصب سے دوری اختیار کرنی چاہیے کیونکہ یہ معاشرے کے لیے نقصان دہ ہے۔
شام کے صدر نے کہا کہ موجودہ حساس حالات میں ہر ملک کو اپنے عوام پر بھروسہ کرنا چاہیے اور بحران کے حل کے لیے ہر قسم کے اقدام میں لوگوں کے آداب و رسوم کو پیش نظر رکھنا چاہیے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ شام میں قوم اور فوج اپنے وطن کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کرنے کا پختہ عزم رکھتی ہیں اور اس پر بحث نہیں کی جا سکتی۔