شام: داعش دہشت گردوں نے سیکڑوں شامی شہریوں کو اغوا کر لیا
داعش دہشت گرد گروہ نے تین سو سے زیادہ شامی شہریوں کو اغوا کر لیا۔
شام کی خبر رساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق دہشت گرد گروہ داعش نے دارالحکومت دمشق کے مضافات میں واقع سیمنٹ کی ایک فیکٹری کے تین سو سے زیادہ ملازمین اور مزدوروں کو اغوا کر کے نامعلوم جگہ پر منتقل کر دیا۔
بعض ذرائع نے اغوا کئے گئے افراد کی تعداد تین سو چوالیس بتائی ہے۔ سیمنٹ کی فیکٹری کے ذمہ داروں نے کہا ہے کہ اغوا کئے گئے افراد سے رابطہ کرنا بے نتیجہ رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ شام میں فوج اور عوامی رضاکاروں کو حاصل ہونے والی حالیہ کامیابیوں کی وجہ سے دہشت گردوں نے بوکھلا کر اپنی مجرمانہ کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ ادھر داعش دہشت گرد گروہ نے شام کے شمالی صوبے حلب کے شیخ مقصود علاقے پر زہریلی گیس کا حملہ کر دیا۔
ابھی تک اس حملے کا شکار ہونے والوں کے بارے میں کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے لیکن بتایا جاتا ہے کہ دسیوں افراد اس حملے میں زخمی ہوئے ہیں۔