شام کے صدر نے فیڈرل نظام حکومت کی تجویزمسترد کردی
صدر بشار اسد نے شام کے لئے فیڈرل نظام حکومت کی تجویز کو خطرناک قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے۔
دمشق سے موصولہ رپورٹ کے مطابق روسی اراکین پارلیمنٹ کے وفد کے سربراہ الیکزنڈر یوشچنکوف نے منگل کو صدر بشار اسد سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ بشار اسد نے اپنے ملک کے لئے فیڈرل سیسٹم کی مخالفت کی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ صدر بشار اسد نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ فیڈرل نظام حکومت نہ صرف یہ کہ شام کی توانائیوں کی تقویت نہیں کرسکے گا بلکہ اس ملک کو تباہ کردے گا۔
الیکزنڈر یوشچنکوف نے کہا کہ صدر بشار اسد کا کہنا ہے کہ شام کے عوام بھی یہی سمجھتے ہیں کہ فیڈرل نظام حکومت ان کے ملک کو تباہی کی طرف لے جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ بشار اسد کا کہنا ہے کہ ملک کےآئین کوصرف اقلیت یا اکثریت کا ہی نہیں بلکہ تمام طبقات کا محافظ ہونا چاہئے۔
قابل ذکر ہے کہ فیڈرل نظام حکومت، شام کے مخالفین کی پیش کردہ تجاویز میں شامل ہے جس کو دمشق حکومت نے مسترد کردیا ہے۔ حکومت شام اس تجویز کو ملک کی ارضی سالمیت اور آئین کے منافی سمجھتی ہے۔