فلسطینی تنظیموں کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے صیہونی حکومت کے خطرے سے نمٹنے کے لیے فلسطینی تنظیموں کے درمیان اتحاد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
تہران میں جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ رمضان عبداللہ شلح سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے تمام فلسطینی دھڑوں کے درمیان اتحاد کو ضروری قرار دیا ۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطینی تنظیموں اور اسلامی ممالک کو اپنی تمام تر توجہ، صیہونی حکومت سے لاحق خطرات کے سدباب کی جانب مرکوز کر دینا چاہیے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے مسئلہ فلسطین کو عالم اسلام کا سب اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کے اس اہم ترین مسئلے اور صیہونی خطر ے کی اہمیت کو کم کرنے والے کسی بھی اقدام کو ہرگز قبول نہیں کیا جاسکتا۔
جہاداسلامی فلسطین کے سربراہ رمضان عبداللہ شلح نے اس موقع پر کہا کہ ایران دنیا میں فلسطینی عوام اور فلسطینی کاز کا سب سے بڑا حامی ہے۔ انہوں نے علاقائی بحرانوں کے حل میں اسلامی جمہوریہ ایران کے کردار کو اہم قرار دیا۔
رمضان عبداللہ نے ، فلسطین کی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے ایک رپورٹ بھی ایران کے وزیر خارجہ کو پیش کی۔