May ۰۲, ۲۰۱۶ ۲۱:۲۴ Asia/Tehran
  • عبداللہ عبداللہ نے اپنا دورہ پاکستان ملتوی کردیا

افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے اپنا دورہ پاکستان ملتوی کردیا ہے۔

پیر کے روز کابل میں اپنے ایک بیان میں چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ وہ منگل کے روز ایک وفد کے ہمراہ پاکستان جانے والے تھے تاہم یہ دورہ ملتوی کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کابل میں ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملے کو اپنے دورہ پاکستان کے التوا کی وجہ قرار دیا ہے۔ کابل میں انیس اپریل کو ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں چونسٹھ افراد ہلاک اور ساڑھے تین سو دیگر زخمی ہوگئے تھے۔

کابل حملے کے بعد افغانستان کے صدر اشرف غنی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ طالبان کے بارے میں قومی پالیسی تبدیل ہوگئی ہے۔ انہوں نے طالبان ، حقانی گروپ، داعش اور القاعدہ کو افغان عوام کا دشمن قرار دیتے ہوئے فوج کو حکم دیا تھا کہ وہ ان گروہوں کے خلاف ٹھوس کارروائی کرے۔افغان عوام کی جانب سے صدر اشرف غنی کے موقف کی زبردست حمایت کی جارہی ہے۔