شامی حکومت نے ناروے کے فیصلے کی مذمت کی
شامی حکومت نے ناروے کی وزیراعظم کے اس بیان کی مذمت کی ہےجس میں انہوں نے کہا ہے کہ ناروے کے فوجیوں کو شام بھیجنے کا فیصلہ کیاگیا ہے-
شام کی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے شام میں فوج بھیجنے پر مبنی ناروے کی وزیراعظم کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ناروے کی حکومت کا اس سلسلے میں کوئی بھی فیصلہ، بین الاقوامی قوانین اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سلامتی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہے -
شام کی وزارت خارجہ کے عہدیدار نے کہا کہ اس طرح کافیصلہ شام کے داخلی معاملات میں کھلی مداخلت ہے- انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ غیرقابل قبول بھی ہےکیونکہ یہ شام کے اقتدار اعلی کی خلاف ورزی ہے - انہوں نے کہا کہ جوممالک حقیقی معنوں میں داعش ، جبہہ النصرہ اور دیگر دہشت گردگروہوں کے خلاف جنگ میں مدد کرنا چاہتے ہیں انہیں دہشت گردوں کو اچھے دہشت گرد اور برے دہشت گرد میں تقسیم نہیں کرنا چاہئے -
شام کی وزارت خارجہ کے عہدیدار نے عالمی برادری اور خود ناروے کی رائے عامہ سے کہا کہ وہ ایسے غیر ذمہ دارانہ فیصلوں کی مخالفت کریں جو علاقے اور دنیا میں دہشت گردی میں اضافے کا سبب بن سکتے ہوں -
-واضح رہے کہ ناروے کی وزیراعظم ارنا سولبرگ نے دعوی کیا ہے کہ وہ اپنے ساٹھ فوجیوں کو شام بھیج رہی ہیں جو داعش کا مقابلہ کرنے کے لئے شامی حکومت کے مخالفین کو ٹریننگ دیں گے -