Feb ۲۲, ۲۰۲۶ ۱۸:۰۳ Asia/Tehran
  • قابض اسرائیل میں امریکی سفیر کے بیان پر ایران سمیت مختلف ممالک کا سخت ردعمل

اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا کے متعدد ممالک اور تنظیموں نے مقبوضہ فلسطین میں امریکی سفیر مائک ہکابی کے اس بیان پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل مشرقِ وسطیٰ کے وسیع علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لے تو انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

سحرنیوز/ایران:    اسلامی جمہوریہ ایران نے قابض اسرائیل میں امریکی سفیر کے حالیہ بیان کی سخت مذمت کی ہے ۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکی سفیر مائیک ہکابی کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خطے میں صیہونی حکومت کی توسیع پسندی کی کھلی حمایت قرار دیا ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ اس بیان کے ذریعے مائیک ہکابی نے یہ عندیہ دیا کہ صیہونی حکومت نیل سے فرات تک قبضے کو وسعت دے سکتی ہے۔ اس قسم کی باتیں امریکہ کی جانب سے قابض اسرائیل کی جارحانہ اور توسیع پسندانہ جنگی پالیسیوں میں فعال شراکت داری کا واضح ثبوت ہیں۔

ہمیں فالو کریں:  

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوری ایران ایسے انتہاپسندانہ بیانات کی مذمت کرتا ہے جن سے قابض حکومت کو فلسطینیوں کے خلاف جرائم اور غیرقانونی اقدامات جاری رکھنے کا مزید حوصلہ اور خطے کی اقوام کے خلاف اس کی مسلسل جارحیت کو تقویت ملتی ہے۔

 

دریں اثنا تحریک حماس نےامریکی سفیر کی جانب سے صیہونی حکومت کی جغرافیائی توسیع اور عرب اور اسلامی سرزمینوں پر قبضے کی حمایت کو عرب اور اسلامی قومی سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ قرار دیا اور ایک بیان میں زور دے کر کہا ہے کہ صیہونی منصوبے میں صرف فلسطین کو نشانہ نہیں بنایا گیا ہے بلکہ یہ علاقے کے جغرافیہ ، تشخص اور استحکام کے لئے خطرہ ہے ۔

 

پاکستان سمیت چودہ ممالک نے بھی اسرائیل میں امریکی سفیر مائیک ہکابی کے حالیہ بیان کی شدید مذمت کی ہے۔ پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکی سفیر کے بیان کو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک قرار دیا ہے۔ اتوار کو جاری مشترکہ اعلامیے میں پاکستان کے ساتھ مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، قطر، انڈونیشیا، کویت، عمان، ترکیہ، سعودی عرب، بحرین، لبنان، شام اور فلسطین کے وزرائے خارجہ اسلامی تعاون تنظیم، عرب لیگ اور خلیج فارس تعاون کونسل نے بھی امریکی سفیر کے بیان پرگہری تشویش کا اظہار کیا۔

 

مقبوضہ فلسطین میں امریکی سفیر مائیک ہکابی نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ صیہونی حکومت کو بائبل کی آیات کی بنیاد پر دریائے نیل سے فرات تک کے علاقے پر خودمختاری کا حق حاصل ہے، امریکی سفیر نے دعویٰ کیا کہ اگر اسرائیل ایسا کرتا ہے تو یہ "قابل قبول" اور "اچھا" ہوگا۔ امریکی سفیر اور دیگر صیہونی جس علاقے کے بارے میں بات کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ وہ اسرائیل کا ہے اس میں فلسطین، اردن، لبنان، شام، مصر، عراق اور سعودی عرب کے بڑے حصے شامل ہوں گے۔

 

ٹیگس