افغان تاجر ، چابھار بندرگاہ میں سرمایہ کاری کے لئے تیار ہیں: افغانستان کے وزیر اقتصاد
افغانستان کے وزیر اقتصاد نے کہا ہے کہ افغان تاجر ایران کےصوبہ سیستان و بلوچستان میں واقع چابہار بندرگاہ میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے تیارہیں-
افغانستان کے وزیر اقتصاد عبدالستار مراد نے چابہار کے آزاد تجارتی علاقے کے مینیجنگ ڈائریکٹر حامدعلی مبارکی سے ملاقات میں کہا کہ چابہار، بحرہند اور بحیرہ عمان کے ساحلوں پرواقع ایک اہم بندرگاہ ہے اسی لئے یہ بندرگاہ پورے سال وسطی ایشیا کے ملکوں کے لئے اشیاء اور مصنوعات ارسال کرسکتی ہے-
افغان وزیراقتصاد نے کہا کہ افغانستان چاروں طرف سے خشکی میں گھرا ہوا ہے اور اس کو اقتصادی اعتبار سے ترقی کرنے کے لئے علاقے کی بندرگاہوں تک رسائی حاصل کرناہوگی- ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی مصنوعات اوراس ملک کے زیرزمین مواد کو دنیاکے مختلف ملکوں میں برآمد کرنے کے لئے چابہار بندرگاہ کا استعمال کیا جائے گا-
انہوں نے کہا کہ افغانستان اشیاء کی درآمدات میں اضافے کے لئے بھی چابہار بندرگاہ سے استفادہ کرسکتاہے- چابہار کے آزاد تجارتی علاقے کےمینیجنگ ڈائریکٹر حامد علی مبارکی نے بھی کہا کہ چابہار بندرگاہ، ایران اور افغانستان کے اقتصادی تعلقات میں توسیع کا ایک اہم مرکز ہے اور ساتھ ہی افغان تاجروں کے لئے بین الاقوامی تجارت کے میدان میں اہم سنگ میل بھی ہے- انہوں نے کہا کہ چابہار کے آزاد تجارتی علاقے کی انتظامیہ اور افغانستان کےدرمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لئے اب تک پانچ سمجھوتوں اور پروٹوکول پر دستخط ہوچکے ہیں -