صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں درجنوں فلسطینی زخمی
غرب اردن کے مختلف علاقوں پر صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں درجنوں فلسطینی زخمی ہو گئے ہیں۔
خبروں کے مطابق صیہونی فوجیوں نے یوم نکبہ (سرزمین فلسطین پر قبضے کی اڑسٹھویں برسی) سے ایک روز قبل ہفتے کے روز غرب اردن کے مختلف شہروں اور دیہات پر حملے کیے ہیں۔
اس موقع پر صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینیوں پر آنسو گیس کے گولے داغے اور بعض مقامات پر فائرنگ بھی کی جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی زخمی ہو گئے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق غاصب صیہونی فوجیوں نے سرگرم فلسطینی کارکن عبداللہ ابو رحمہ کو غرب اردن سے اغوا کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
صیہونی فوجیوں نے بیت لاہیا کے ساحلوں پر ماہی گیری کرنے والے دو فلسطینی بھائیوں کو بھی اغوا کر لیا ہے۔
درایں اثنا صیہونی فوجیوں نے اسرائیل کے ناجائز وجود کی اڑسٹھویں برسی کے موقع پر فلسطینیوں کے مظاہروں کو روکنے کی کوشش بھی تیز کردی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ فلسطینی عوام ہر سال پندرہ مئی کو سرزمین فلسطین پر ناجائز قبضے اور اسرائیل کی غیر قانونی حکومت کے قیام کی برسی کے موقع پر مظاہرےکرتے ہیں۔
مختلف فلسطینی تنظیموں نے یوم نکبہ کے موقع پر پورے مقبوضہ اور آزاد فلسطینی علاقوں میں مظاہروں کا اعلان کر رکھا ہے۔