روضہ سیدہ زینب(س) کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے شامی فوج کی کامیاب کارروائی
شامی فوج نے دمشق ایئر پورٹ اور حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے روضہ اطہر کی جانب جانے والے تمام راستوں کی سیکورٹی اپنے ہاتھ میں لیکر اہم فوجی کامیابی حاصل کرلی ہے۔
دمشق میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ شامی فوج نے جمعے کے روز ایک بھرپور کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے زیر قبضہ متعدد علاقوں کو آزاد کرالیا ہے جس کے نتیجے میں دارالحکومت کے بین الااقوامی ایئرپورٹ کی سلامتی کو یقینی بنادیا گیا ہے۔
شام کے سیکورٹی دستوں نے ایک اور کارروائی کے دوران دہشت گردوں کو جنوبی دمشق کے علاقوں سے پرے دھکیلتےہوئے، سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے روضہ اطہر اور اس جانب جانے والے راستوں کو دہشت گردوں کی گولہ باری سے محفوظ بنادیا ہے۔
دوسری جانب دفاعی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ شامی فوج کی اس کارروائی کے نتیجے میں ، دہشت گردوں کے ذریعے دمشق کا محاصرہ کیے جانے کی سعودی ترک سازش ناکام ہوگئی ہے۔
عرب دفاعی مبصر علی مقصود نے العالم ٹیلی ویژن سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد گروہ، سعودی عرب اور ترک حکومت کی ایما پر شام کے دارالحکومت پر دباؤ بڑھانے کے لیے زیادہ سے زیادہ نواحی علاقوں پرتسلط حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جسے ناکام بنادیا گیا ہے۔