شیخ علی سلمان کی حمایت میں بحرینی عوام کے مظاہرے
بحرینی شہریوں نے اس ملک کی جمعیت اسلامی وفاق ملی کے سربراہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ایک بار پھر مظاہرے کئے ہیں-
لبنان کے المنار چینل کی رپورٹ کے مطابق ایسے میں جبکہ شیخ علی سلمان کے بارے میں حتمی عدالتی فیصلے کی تاریخ نزدیک آنے میں تین دن باقی بچے ہیں، بحرینی شہریوں نے ان کی حمایت میں مظاہرہ کیا ہے - نماز جمعہ کے بعد ہونے والے ان مظاہروں میں آل خلیفہ حکومت کے مخالفین نے سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی اور شہریوں کے خلاف امتیازی سلوک ختم کئے جانے کا مطالبہ کیا- بحرینی شہریوں نے سیاسی وجوہات کی بناء پر علماء کو نشانہ بنانے جانے اور ان کے خلاف سنگین احکامات جاری کئے جانے کی مذمت کی - جمعیت اسلامی وفاق ملی بحرین کے سربراہ شیخ علی سلمان کے بارے میں بحرین کی عدالت تیس جون کو حتمی فیصلہ سنانے والی ہے- واضح رہے کہ بحرین کی عدالت نے جون دو ہزار پندرہ میں ، جمعیت اسلامی وفاق ملی کے سربراہ شیخ علی سلمان پر، طاقت کے زور پر حکومت کو تبدیل کرنے کے لئے اس ملک کے عوام کو مشتعل کرنے کا الزام عائد کر کے، چار سال قید کی سزا سنائی تھی- بحرینی عدالت کے اس فیصلے کے بعد عالمی سطح پر آل خلیفہ حکومت کے خلاف وسیع پیمانے پر احتجاج کیا گیا-
بحرین کی ڈکٹیٹر حکومت نے چودہ فروری دو ہزار گیارہ سے لے کر اب تک انقلابیوں اور حکومت مخالف افراد نیز ان کی قیادت اور حکومت مخالف پرامن مظاہروں میں شرکت کرنے والے عام شہریوں کو کچلنے کے لئے کسی بھی حربے سے دریغ نہیں کیا ہے ۔
آل خلیفہ کی استبدادی حکومت کے رویوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس ڈکٹیٹر حکومت نے نہ صرف بحرین کے شہریوں کی سیاسی آزادیوں کو سلب کررکھا ہے بلکہ انہیں دینی اور مذہبی سرگرمیوں کی بھی اجازت نہیں دیتی جو ان کا بنیادی اور قانونی حق ہے۔
بحرین کی حکومت، بحرینی شہریوں کے عقائد اور مقدسات کی بھی مسلسل توہین کررہی ہے ، بحرین میں شیعہ مسلمانوں کی اکثریت ہے اور آل خلیفہ حکومت ان کے مقدسات کی توہین سے بھی دریغ نہیں کرتی ۔ آل خلیفہ حکومت نے عوامی احتجاج کے سلسلے کو روکنے کے لئے بہت سے سیاسی کارکنوں کو گرفتار اور ان پر جھوٹے مقدمات قائم کرکے لمبے عرصے کی قید کی سزائیں بھی سنائی ہیں۔ آل خلیفہ حکومت دہشتگردوں سے مقابلے کے قانون کو سامنے رکھ کر اپنے مخالفین کو کچل رہی ہے اور اس سے نہ صرف ملک میں سیاسی گھٹن میں اضافہ ہوا ہے بلکہ بحرین کا ملک ایک پولیس اسٹیٹ میں بدل چکا ہے۔