May ۲۹, ۲۰۱۶ ۰۸:۳۲ Asia/Tehran
  • شیخ علی سلمان اصلاحات کے خواہاں ہیں: شیخ عیسی قاسم

بحرین کے ممتاز عالم دین نے کہا ہے کہ جمعیت اسلامی وفاق ملی کے سربراہ شیخ علی سلمان، ملک میں اصلاحات کے خواہاں ہیں-

مرآۃ البحرین ویب سائٹ کی رپورٹ کےمطابق بحرین کے ممتاز عالم دین شیخ عیسی قاسم نے بحرین کی جمعیت اسلامی وفاق ملی کے سربراہ شیخ علی سلمان کے پر مقدمے کی سماعت کا وقت قریب آنے کے موقع پر ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ شیخ علی سلمان پرامن طریقے سے اصلاحات کے خواہاں ہیں اور ہر طرح کے خطرات اور دھمکیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں- شیخ قاسم نے کہا کہ شیخ علی سلمان اصلاحات چاہتے ہیں اور اسے عملی جامہ پہنانے کے لئے وہ اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لا رہے ہیں-

بحرین کے اس بزرگ عالم دین نے کہا کہ بحرین کی جمعیت اسلامی وفاق ملی، دہشت گردی سے نفرت کرتی ہے اور ٹھوس عزم و ارادے کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کر رہی ہے- جمعیت اسلامی وفاق ملی بحرین کے سربراہ شیخ علی سلمان کے بارے میں بحرین کی عدالت تیس جون کو حتمی فیصلہ سنانے والی ہے-

واضح رہے کہ بحرین کی عدالت نے جون دو ہزار پندرہ میں ، جمعیت اسلامی وفاق ملی کے سربراہ شیخ علی سلمان پر، طاقت کے زور پر حکومت کو تبدیل کرنے کے لئے اس ملک کے عوام کو مشتعل کرنے کا الزام عائد کر کے، انہیں چار سال قید کی سزا سنائی تھی- بحرینی عدالت کے اس فیصلے کے بعد عالمی سطح پر آل خلیفہ حکومت کے خلاف وسیع پیمانے پر احتجاج کیا گیا- بحرین کی ڈکٹیٹر حکومت نے چودہ فروری دو ہزار گیارہ سے لے کر اب تک انقلابیوں اور حکومت مخالف افراد نیز ان کی قیادت اور حکومت مخالف پرامن مظاہروں میں شرکت کرنے والے عام شہریوں کو کچلنے کے لئے کسی بھی حربے سے دریغ نہیں کیا ہے ۔