بحرین میں حکومت مخالف مظاہرے
بحرینی شہریوں نے اس ملک کی جمعیت اسلامی وفاق ملی کے سربراہ کی گرفتاری جاری رہنے کے خلاف مظاہرہ کیا ہے-
المنار ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق شیخ علی سلمان کے بارے میں حتمی عدالتی فیصلے کی تاریخ قریب آنے کے موقع پر اس ملک کے شہریوں نے مظاہرے کرکے تمام سیاسی قیدیوں خاص طور پر شیخ علی سلمان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے- بحرینی مظاہرین نے حکومت مخالف نعرے لگاتے ہوئے بحرینی شہریوں کے خلاف آل خلیفہ حکومت کے وحشیانہ جرائم روکے جانے کا مطالبہ کیا- واضح رہے کہ بحرین کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت جمعیت الوفاق کے رہنما شیخ علی سلمان کی گرفتاری پر بحرینی عوام کے ساتھ ساتھ دنیا کے دیگر ملکوں کےعوام اور شخصیات بھی احتجاج اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں-
بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے آزادی، جمہوریت اور سیاسی اصلاحات کے حق میں عوام کی پرامن تحریک جاری ہے جس کے دوران آل خلیفہ حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں اور سعودی فوجیوں نے سیکڑوں بحرینی شہریوں کو شہید اور زخمی کیا ہے جبکہ بڑی تعداد میں سیاسی و مذہبی رہنماؤں ، کارکنوں، عام شہریوں اور انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والوں کو گرفتار کرکے جیلوں میں ڈال دیا ہے۔