بحرین میں آزادی بیان کی کھلی خلاف ورزی
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بحرین کی جمعیت اسلامی وفاق ملی کے سربراہ شیخ علی سلمان کے خلاف سخت عدالتی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی بیان کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے-
آل خلیفہ حکومت نے جون دو ہزار پندرہ میں شیخ علی سلمان کو بے بنیاد الزامات کے بہانے چار سال قید کی سزا سنائی تھی اور پھر پیر تیس مئی کو اپیل کورٹ نے اس قید کی سزا کی مدت بڑھا کر نو سال کردی - بحرین کی جمعیت اسلامی وفاق ملی کی ویب سائٹ کے حوالے سے تسنیم نیوز ایجنسی نے کہا ہے کہ شیخ علی سلمان کی قید کی مدت، چار سال سے بڑھا کر نو سال کئے جانے سے، آزادی بیان کی کھلی خلاف ورزی اور اس ملک کے عوام سے آل خلیفہ حکومت کی حد سے زیادہ دشمنی کی نشاندہی ہوتی ہے
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ بحرین حکومت کی جانب سے شیخ علی سلمان کی سزائے قید میں اضافے کے سیاسی محرکات ہیں اوراس کا مقصد اس پیغام کو پہنچانا ہے کہ قانونی اور پرامن مطالبات کرنے والے سزا کے مستحق ہیں- ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مزید کہا کہ آل خلیفہ حکومت نے گذشتہ چند برسوں میں آزادی بیان کا دائرہ بہت زیادہ تنگ کردیاہے اور سیاسی سرگرم کارکنوں پر دباؤ اور ان کی گرفتاریوں میں اضافہ کردیا ہے