شامی فوج کی رقہ میں پیشقدمی جاری، مزید علاقے آزاد
شام فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے شمالی صوبے رقہ کے دو اہم اور اسٹریٹیجک علاقوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔
دمشق میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ رقہ میں داعش کے خلاف جاری فوجی کارروائی کے دوران ، ابوالعلاج ٹاؤن اور السریاتیل کی بلندیوں پر شامی فوج نے کنٹرول حاصل کرلیا ہے ۔ اس کارروائی کے دوران درجنوں داعشی دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔
اس سے پہلے شامی فوج نے داعشی دہشت گردوں کے ساتھ شدید لڑائی کے بعد، الطبقہ ایئر پورٹ سے چالیس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ٹاؤن بیرام باج کو آزاد کرا لیا تھا۔
شامی فوج نے لبنان کے ساتھ ملنے والی سرحد کے قریب واقع علاقے جرود فلیطہ میں بھی دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جس میں درجنوں دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
ایک اور رپورٹ کے مطابق جبہت النصرہ کے دہشت گردوں نے ، صوبہ ادلب کے شیعہ آبادی والے علاقے الفوعہ پر راکٹ حملے کیے جس میں متعدد عام شہری زخمی ہوگئے ۔
شام کو سن دوہزار گیارہ سے امریکہ اور اس کے علاقائی اتحادیوں کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کی دہشت گردی کا سامنا ہے جس کا مقصد شام کے صدر بشار اسد کی منتخب حکومت کو ختم کرنا ہے۔