شامی فوج کی پیشقدمی
شام کے شمالی صوبے رقہ میں شامی فوج اور اس کے اتحادیوں کی پیشقدمی بدستور جاری ہے
دمشق سے موصولہ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ شامی فوج نے رقہ میں ساٹھ کلومیٹرمربع علاقہ اب تک داعش کے قبضےسے آزاد کرالیاہے- شامی فوج نے صوبہ رقہ کےصدرمقام رقہ سٹی کے مضافات میں واقع الطبقہ شہر کی جانب اہم پیشقدمی کی ہے اور اس نے اس علاقے کے ایک ہم چوراہے پرکنٹرول حاصل کرلیاہے-
اس درمیان روس اور شام کےجنگی طیاروں نے بھی اس علاقے میں داعش کے ٹھکانوں پرشدید بمباری کی ہے - اس وقت شامی فوج الطبقہ کے فوجی ہوائی اڈے کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کی کارروائیوں میں مصروف ہے -
دوسری جانب شام کی کرد ملیشیا نے بھی منبج شہر کی جانب پیشقدمی کرتے ہوئے داعش کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں - شام کی جنگ پر نظر رکھنےوالے ایک قریبی ذریعے نے بتایا ہے کہ رقہ اور اس کے قریب داعش کو اس وقت تین محاذوں پر الگ الگ جنگ کرنی پڑرہی ہے جس کی وجہ سے اس کی پوزیشن بہت کمزورہوچکی ہے -
مذکورہ ذریعے کا کہنا ہے کہ رقہ شہر کے قریب الطبقہ علاقے میں داعش کو شامی فوج کے حملوں کا سامنا ہے جبکہ منبج شہر کی جانب کردملیشیا کی پیشقدمی کوروکنا اس کے لئے مشکل ہورہاہے ۔ ادھرحلب کے شمالی مضافات میں واقع مارع علاقے میں داعش کے خلاف دیگردہشت گردگروہوں نےمحاذ کھول دیا ہے اور اس علاقے میں دہشت گردوں کے درمیان شدید لڑائیاں ہورہی ہیں -