Jun ۱۹, ۲۰۱۶ ۲۰:۱۹ Asia/Tehran
  • مسجد الاقصی پر صیہونیوں کا حملہ

صیہونیوں نے اتوار کو ایک بار پھر قبلہ اول مسجد الاقصی پر حملہ کیا ہے۔

فلسطین انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق اتوار کو صیہونی آباد کاروں اور صیہونی فوجیوں نے ایک بار پھر مسلمین عالم کے قبلہ اول مسجد الاقصی پر حملہ کر دیا۔ اس رپورٹ کے مطابق تین صیہونیوں نے جو صیہونی حکومت کی انٹیلی جنس سروس کی وردیاں پہنے ہوئے تھے، مسجد الاقصی کے اندر داخل ہوئے اور مسلمانوں کے قبلہ اول کی بے حرمتی کی ۔ اس رپورٹ کے مطابق صیہونیوں نے مسجد الاقصی کے مختلف حصوں میں چہل قدمی کی ۔

صیہونیوں کے اس توہین آمیز اقدام پر مسجد الاقصی میں موجود نمازیوں نے اعتراض کیا اور اللہ اکبر کے نعرے لگائے۔

صیہونیوں نے مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصی کی بے حرمتی کرنے کی ایسے عالم میں کوشش کی ہے کہ رمضان المبارک میں فلسطین کے مختلف علاقوں سے مسلمان فلسطینی عوام مسجدالاقصی میں نماز کے لئے پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ جمعے کو رمضان المبارک کی دوسری نماز جمعہ میں دولاکھ دس ہزار فلسطینی مسلمانوں نے شرکت کی تھی۔