آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے دھرنا جاری
بحرین میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے بحرینی عوام کا اجتماع جاری ہے جس کو بحرینی علما کی انجمن کے صدر نے عوام کی استقامت و پائیداری کی علامت سے تعبیر کیا ہے-
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے ہزاروں کی تعداد میں لوگ اب بھی دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں ۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں بحرینی عوام نے شب اکیس رمضان کی عزاداری اور دوسری شب قدر کے مخصوص اعمال بھی آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے انجام دیئے۔
لوگوں نے امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کی شب شہادت کی مناسبت سے عزاداری، دعا و مناجات، دوسری شب قدر کے اعمال بجا لانے کے ساتھ ہی ، آیت اللہ شیخ عیسی قاسم سے اپنی وفاداری کا اعلان کیا اور آل خلیفہ کی ظالم حکومت اور اس کے حامیوں سے نفرت کا اظہارکیا۔
دوسری طرف بحرین کے علما کی انجمن کے صدر مجید المشعل نے کہا ہے کہ شیعیان بحرین کے قائد آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے عوام کا اجتماع اور دھرنا بحرینی عوام کی استقامت اور پائیداری کی نمائش ہے-
انھوں نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ بحرین کے عوام، دارالحکومت منامہ کے علاقے الدراز میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے اپنے قائد کے دفاع اور حمایت میں، جاں نثاری کے جذبے کے ساتھ جمع ہوئے ہیں اور ان کے حوصلے بہت بلندہیں ۔
بحرین کے علما کی انجمن کے صدر مجید المشعل نے کہا کہ آل خلیفہ حکومت کے حق میں بہتر ہوگا کہ وہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کرنے کا فرمان واپس لے لے ۔ انھوں نے کہا کہ اگر آل خلیفہ حکومت نے اپنا یہ ظالمانہ فرمان واپس نہ لیا تو اس کا یہ جنون آمیز اقدام ملک کو انتہا ئی خطرناک موڑ پر پہنچا دے گا اور ہم اپنے ملک کی یہ حالت نہیں دیکھنا چاہتے۔
یاد رہے کہ بحرین کی ظالم شاہی حکومت نے بیس جون کو شیعیان بحرین کے قائد آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد اس ملک کے حالات بحرانی ہوگئے ہیں ۔
آل خلیفہ حکومت کے اس ظالمانہ فرمان کا اعلان ہوتے ہی پورے ملک میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا اور آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے ہزاروں کی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے اور یہ سلسلہ اب تک جاری ہے۔
آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے دھرنے پر بیٹھنے والے ہزاروں لوگوں میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ۔