Jun ۲۷, ۲۰۱۶ ۱۶:۰۱ Asia/Tehran
  • شام کے صدر کا غوطہ شرقی میں محاذ جنگ کا دورہ

شام کے صدر بشار اسد نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف شامی عوام اور فوج کی جنگ ان گروہوں کی مکمل نابودی تک جاری رہے گی-

شام کے صدر بشار اسد نے دمشق کے مضافاتی علاقے غوطہ شرقی میں فوج اورعوامی رضاکار فورس کی یونٹوں اور فوجی کمانڈروں سے ملاقات میں کہا کہ دہشت گردگروہوں کے خلاف ہماری تاریخ ساز جنگ، ان کی مکمل نابودی اور شکست تک جاری رہے گی -

ان کا کہنا تھا کہ شام پردہشت گردوں کے ذریعے مسلط کی گئی جنگ میں شامی فوجیوں کی فداکاریاں، شام کی محافظ ہیں اور شام کی سبھی قوتیں ان کامیابیوں سے حوصلہ پارہی ہیں -

شام کے صدر نے کہاکہ شامی فوج کے جوانوں کے اہل خانہ کی ثابت قدمی اور بلند حوصلے ان کے سپوتوں کے ارادوں اور حوصلوں کو فولادی عزم میں تبدیل کرنے میں بنیادی کردار کے حامل رہے ہیں اسی وجہ سے مادر وطن کے یہ سپوت دشمن کے مقابلے میں فتوحات حاصل کررہے ہیں -

غوطہ شرقی میں دہشت گردوں کے خلاف نبردآزما فوجیوں اور کمانڈروں نے بھی صدر بشاراسد کے ذریعے محاذ جنگ کا دورہ کئے جانے پر بیحد خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ شامی عوام اورحکام کی حمایت ہی ان کی سب سے بڑی طاقت ہے -

ان فوجی جوانوں اور کمانڈروں کا کہنا تھا کہ وہ شام کے ایک ایک چپے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے تک ان کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے-

ٹیگس