شامی فوج کی پیشقدمی، سو سے زائد داعشی ہلاک
مشرقی شام میں جاری فوجی آپریشن کے دوران درجنوں دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔
دمشق میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ شامی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے مشرقی صوبے دیرالزور کے علاقے القوریہ میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جس میں کم سے کم ستر دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ شامی فوج کی بمباری میں داعش کے متعدد ٹھکانے تہس نہس ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان حملوں میں درجنوں دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ایک اور اطلاع کے مطابق شامی فضائیہ نے تاریخی شہر تدمر کے نواح میں واقع شاعر نامی آئیل فلیڈ کے اطراف میں داعش کے دہشت گردوں کے جمع ہونے کے مقامات پر بھی بمباری کی ہے۔
درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ شامی فوج نے روسی فضائیہ کی حمایت سے شمالی صوبے حلب میں شمال کی جانب سے پیشقدمی کی ہے اور ملاح نامی علاقے کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ اس کارروائی کے دوران کم سے کم پچیس دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ شامی فوج اس علاقے میں اپنے مورچے مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ جنوب کی جانب پیشقدمی کر رہی ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ اورعالمی ریڈ کراس کا امدادی کارواں دمشق کے نواح میں واقع قدسیا نامی علاقے میں داخل ہوگیا ہے۔
اس علاقے کی آبادی تیس ہزار نفوس مشتمل ہے اور اس پر کافی عرصے سے دہشت گردوں نے قبضہ کررکھا ہے۔