ترک وزیراعظم نے روس سے معافی مانگنے کی تردید کردی
ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدیریم نے روس سے معافی مانگنے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ملک نے روسی طیارہ مارگرائے جانے کے واقعے پرصرف افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ترک وزیراعظم کا کہنا تھا کہ روس سے عذر خواہی اور تاوان کی ادائیگی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے بلکہ ترکی نے صرف اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
بن علی یلدیریم نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو جنگی طیارے کی تباہی کے بدلے زر تلافی ادا کرسکتے ہیں تاکہ روس کے ساتھ ہمارے تعلقات معمول پرآ سکیں۔
انہوں نے کہاکہ روسی پائلٹ کے قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں ایک شخص کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی کی جارہی ہے۔
روس کے ایوان صدر کے ترجمان نے پیر کے روز کہا تھا کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردغان نے صدر ولادی میر پوتن کے نام ایک خط میں روس کا لڑاکا طیارہ مار گرائے جانے کے واقعے پر معافی مانگ لی ہے۔
ادھر ترکی کے ایوان صدر کے ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ صدر ولادی میر پوتن بدھ کی دوپہر کو، صدر رجب طیب اردوغان سے ٹیلی فون پر بات چیت بھی کرنے والے ہیں۔
واضح رہے کہ ترکی اور روس کے تعلقات نومبر دوہزار پندرہ میں اس وقت کشیدہ ہوگئے تھے جب ترکی نے اپنی سرحدوں کے قریب واقع شامی علاقے میں داعشی دہشت گردوں کے خلاف حملہ کرنے والے ایک روسی طیارے کو مار گرایا تھا۔
ترکی نے دعوی کیا تھا کہ روسی طیارے نے اس کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔ روس نے ترکی کے اس دعوے کو سختی کے ساتھ مسترد کرتے ہوئے انقرہ سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔