Jun ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۵:۴۲ Asia/Tehran
  • مغربی ممالک پس پردہ شام سے رابطہ برقرار کرنے کی کوشش میں

شام کے صدر بشار اسد نے کہا ہے کہ مغربی ممالک شامی حکومت کے ساتھ خفیہ رابطے برقرار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

شام کے صدر بشار اسد نے آسٹریلیا کے نیوز چینل اے بی سی کے نمائندے سے ایک خصوصی انٹرویو میں کہا کہ مغربی ممالک کا رویّہ دوہرے معیار پر مبنی ہے- ان کا کہنا ہے کہ مغربی ممالک اعلانیہ طور پر تو شام کی حکومت پر تنقید کرتے ہیں لیکن خفیہ طریقے سے اس کے ساتھ تعلقات برقرار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں-

شام کے صدر نے کہا کہ مغربی ممالک ہم پر سیاسی لحاظ سے حملہ کرتے ہیں اس کے بعد اپنے حکام کو خاص طور پر سیکورٹی عہدیداروں کو پس پردہ معاملات کی انجام دہی کے لئے دمشق بھیجتے ہیں اور اس میں خود آسٹریلیا بھی شامل ہے- انہوں نے شام کے بارے میں مغربی ملکوں کے حکام کے بیانات کے بارے میں کہا کہ مغربی حکام امریکا کو ناراض نہیں کرنا چاہتے-

ان کا کہنا تھا کہ بیشتر مغربی ممالک اسی بات کی تکرار کرتے ہیں جو امریکا ان سے چاہتا ہے اور یہ ایک حقیقت ہے- شام کے صدر نے کہا کہ ہماری فوج اس وقت دہشت گردوں کے خلاف جنگ کر رہی ہے اور ہماری حکومت دہشت گردوں کے مقابلے میں ڈٹی ہوئی ہے-

انہوں نے شام میں اپنی فوج بھیجنے کے آسٹریلیا کے اعلان کے بارے میں کہا کہ اگرشامی حکوت کی اجازت کے بغیرغیرملکی فوجیں شام میں آتی ہیں تو یہ غیر قانونی عمل ہو گا خواہ وہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ کے بہانے آئیں یا کسی دوسرے کام کے لئے آئیں دونوں ہی صورتوں میں یہ غیرقانونی اقدام ہے-

 

 

 

ٹیگس