شامی فوج نے رملیہ ضلعے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا
شامی فوج نے شمالی مغربی شام کے ایک اور علاقے کو دہشت گردوں کے قبضے آزاد کرا لیا۔
دمشق میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ شامی فوج اورعوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے شمال مغربی صوبے حماہ کے علاقے رملیہ کو آزاد اور حماہ سلمیہ شاہراہ کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔
اس علاقے پرکافی عرصے سے القاعدہ کے دہشت گردوں کی شامی شاخ جبہۃ النصرہ نے قبضہ کر رکھا تھا۔ دفاعی مبصرین کا کہنا ہے کہ رملیہ پر شامی فوج کے تسلط کے بعد حمص صوبے میں دہشت گردوں کے لئے اسلحہ کی سپلائی کا راستہ بند ہو گیا ہے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق جیش الفتح نامی دہشت گرد گروہ کے عناصر نے شمال مغربی شام کے صوبے ادلب کے علاقوں فوعہ اور کفریا پرکم سے کم تیس راکٹ اور مارٹر گولے داغے۔ ان حملوں میں ہونے والے جانی نقصان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ملی۔
دہشت گردوں نے کافی عرصے سے ان دونوں علاقوں کا محاصرہ کر رکھا ہے لیکن عوامی مزاحمت کے سبب ان پر قبضہ کرنے میں وہ ناکام رہے ہیں۔ ان علاقوں میں غذائی اشیا اور دواؤں کی قلت کی وجہ سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ پچھلے چند روز کے دوران پانی کی قلت کے سبب علاقے میں وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مارچ دو ہزار پندرہ میں ادلب شہر کے سقوط کر جانے کے بعد سے فوعہ اور کفریہ ضلعے مکمل طور سے دہشت گردوں کے محاصرے میں ہیں۔