بحرین میں شاہی حکومت کے خلاف دھرنا جاری
بحرین کے سرکردہ شیعہ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت اور شاہی حکومت کے خلاف عوام کا دھرنا بدستور جاری ہے۔
منامہ کے نواحی علاقے دراز میں جاری دھرنے کے شرکاء آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کئے جانے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے باہر دھرنے پر بیٹھے لوگوں نے شاہی حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے خلاف کسی بھی قسم کے اقدامات کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ دراز کے علاقے میں دھرنا اور شاہی حکومت کے خلاف احتجاج کا سلسلہ بیس جون سے جاری ہے۔ حکومت بحرین نے بیس جون کو ملک کی اکثریتی شیعہ آبادی کے مذہبی رہنما آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جزیرہ سترہ اور نویدارات سمیت بحرین کے دیگر شہروں سے شبانہ مظاہروں کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ کئی مقامات پر بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے پرامن مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولے داغے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ بحرین میں سیاسی مخالفین کے خلاف کریک ڈاؤن پر انسانی حقوق کے اداروں نے کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے سعودی عرب کی حمایت یافتہ شاہی حکومت کے خلاف عوامی تحریک جاری ہے۔ اس ملک کے عوام خاندانی آمریت کے بجائے مکمل جمہوری حکومت کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
بحرین کی شاہی حکومت عوام کے جائز مطالبات پورے کرنے کے بجائے سعودی فوج کے ساتھ مل کر عوامی تحریک کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔