Jul ۰۴, ۲۰۱۶ ۱۶:۴۱ Asia/Tehran
  • عرب لیگ کے نئے سیکریٹری جنرل کے الزام پر ایران کا ردعمل

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے عرب لیگ کے نئے سیکریٹری جنرل کے بیان کو غیر تعمیری قرار دیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایران کے بارے میں عرب لیگ کے نئے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیط کے بیان کو جلد بازی پر مبنی غیر تعمیری بیان قرار دیا ہے۔ انھوں نے عرب لیگ کے نئے سیکریٹری جنرل کو نصیحت کی ہے کہ عرب لیگ کے ماضی کے کاموں کا زیادہ دقت کے ساتھ جائزہ لیں اور خطے نیز اسلامی دنیا کے مسائل کے تعلق سے افواہیں پھیلانے سے اجتناب کریں۔

بہرام قاسمی نے کہا کہ عرب لیگ کو اپنے منشور کے مطابق اراکین کے باہمی اختلافات اور بحرانوں کو پرامن طور پر حل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ عرب لیگ اپنے ہی منشور کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک عرب ملک پر دوسرے عرب ملک کی جارحیت اور بھائیوں کے قتل عام کی حمایت کر رہی ہے۔

وزرات خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ دشمنانہ اور بے بنیاد موقف کی تکرار سے علاقے کے حقائق تبدیل نہیں ہو سکتے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ امت اسلامیہ، عالم اسلام کو لاحق مشترکہ خطرات یعنی غاصب صیہونی حکومت اور تکفیری دہشت گرد گروہوں پر توجہ مرکوز کرے۔

یاد رہے کہ عرب لیگ کے نئے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیط نے اتوار کو ایک غیر ذمہ دارانہ بیان میں ایران پر عرب ملکوں کے داخلی امور میں مداخلت کا بے بنیاد الزام لگایا ہے۔