بحرین کا بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے
ہزاروں کفن پوش بحرینی اپنے رہبر آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے دفاع میں اپنی جان بھی دینے کے لئے تیار ہیں۔
بحرین کے معروف سیاستداں راشد الراشد نے پیر کو ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ جب سے بحرین کی ظالم شاہی حکومت نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت سلب کرنے کا اعلان کیا ہے، ہزاروں بحرینی ان کے گھر کے سامنے دھرنا دیئے بیٹھے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ ہزاروں کفن پوش بحرینی اپنے رہبر کے دفاع میں اپنی جان بھی دینے کے لئے تیار ہیں۔
انھوں نے کہا کہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت سلب کرنا آل خلیفہ حکومت کا احمقانہ ترین اقدام ہے جس نے ملک میں ایک نیا بحران کھڑا کر دیا ہے۔ راشد الراشد نے کہا کہ یہ بحران ملک کو نامعلوم انجام کی طرف لے جا رہا ہے اور ہر گزرنے والے دن کے ساتھ شاہی نظام کا زوال نزدیک سے نزدیک تر ہوتا جا رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ آل خلیفہ حکومت سمجھ رہی ہے کہ وہ اس طرح عوامی تحریک کو ختم کر سکتی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس قسم کے اقدامات سے عوام اور نظام حکومت کے درمیان خلیج بڑھتی جا رہی ہے۔
بحرین کے معروف سیاسی کارکن اور امل اسلامی پارٹی کے رکن راشد الراشد نے کہا کہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم آل خلیفہ حکومت کا یہ حکم ہرگز تسلیم نہیں کریں گے اور ملک سے باہر نہیں جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اگر شاہی حکومت نے طاقت سے کام لینا چاہا تو اس کے نتائج بہت ہی خطرناک ہوں گے۔