سعودی عرب کی جانب سے منصور ہادی کے پٹھو فوجیوں کے لیے فوجی سازوسامان ارسال
سعودی عرب نے یمن کے مفرور سابق صدر منصور ہادی کے پٹھو فوجیوں کے لیے ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کی فراہمی تیز کر دی ہے۔
اسپوٹنک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق آل سعود نے منصور ہادی کے پٹھو فوجیوں کو مسلح کرنے کے لیے مختلف قسم کے ہتھیار یمن کے صوبہ مارب بھیجے ہیں۔
درایں اثنا یمن کے شمالی صوبوں مارب اور الجوف اور جنوبی صوبے تعز میں اکا دکا جھڑپیں بدستور جاری ہیں اور سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے ان تین صوبوں اور صوبہ صنعا کے شہر نھم پر بمباری پھر سے شروع کر دی ہے۔
سعودی عرب نے سرحدی شہروں میدی اور حرض پر بھی راکٹوں سے حملے کیے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ سے علاقے کے بعض عرب ممالک کے ساتھ مل اور امریکہ کی حمایت سے یمن پر اپنی وحشیانہ جارحیت کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس میں اب تک ہزاروں بےگناہ شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں اور اس غریب عرب ملک کی اسی فیصد سے زائد بنیادی تنصیبات تباہ کر دی گئی ہیں۔