Jul ۰۶, ۲۰۱۶ ۱۳:۱۰ Asia/Tehran
  • افغانستان: حزب حرکت اسلامی کے رہنما سید حسین انوری انتقال کر گئے

حزب حرکت اسلامی افغانستان کے سربراہ سید حسین انوری ساٹھ سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

آوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سید حسین انوری کا انتقال منگل کی رات ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی کے ایک اسپتال میں ہوا جہاں وہ زیرعلاج تھے۔

سید حسین انوری افغانستان میں انیس سو اٹھتر میں کمیونسٹ بغاوت کے بعد مجاہدین کی صف میں شامل ہو گئے اور اسی بنا پر ان کا شمار افغانستان میں اسلامی جہاد شروع کرنے والے رہنماؤں میں ہوتا ہے اور ان نام ہمیشہ احمد شاہ مسعود جیسے عظیم مجاہدین کے ساتھ لیا جاتا ہے۔

انسی سو اناسی میں آیت اللہ آصف محسنی کی قیامت میں حزب حرکت اسلامی کی تشکیل کے بعد وہ اس کے ایک اصلی رکن اور اس کی فوجی شاخ کے سربراہ منتخب ہوئے۔

انیس سو اٹھانوے میں افغانستان کے صدر نے طالبان اور غیرملکی دہشت گردوں کے حملوں کے مقابل ان کی خدمات اور جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انھیں میجر جنرل کا عہدہ دیا۔

افغانستان میں طالبان کی حکومت کے خاتمے ایک اسلامی جمہوری نظام قائم ہونے کے بعد صدر حامد کرزئی کی عبوری حکومت میں سید حسین انوری وزیر زراعت اور وزیر خزانہ منتخب ہوئے اور عبوری حکومت کا دور ختم ہونے کے بعد وہ کچھ عرصہ کابل کے گورنر اور پھر ہرات کے گورنر رہے۔