Jul ۰۷, ۲۰۱۶ ۲۰:۵۷ Asia/Tehran
  • یورپی پارلیمنٹ کی جانب سے بحرین میں کریک ڈاؤن کی مذمت

یورپی پارلیمنٹ نے بحرین میں سیاسی مخالفین اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی شدید مذمت کی ہے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق یورپی پارلیمنٹ نے جمعرات کو سینتالیس کے مقابلے میں چھے سو چھے ووٹوں سے ایک قرار داد پاس کی ہے جس میں بحرین میں سیاسی مخالفین اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔

اس قرار داد میں انسانی حقوق کے معروف کارکن نبیل رجب اور سرکردہ سیاسی رہنما شیخ علی سلمان سمیت تمام سیاسی کارکنوں اور انسانی حقوق کا دفاع کرنے والوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اس قرار داد میں کہا گیا ہے کہ حکومت بحرین تمام شہریوں کی سلامتی کی ذمہ دار ہے چاہے ان کے نظریات حکومت کے نظریات سے میل نہ بھی کھاتے ہوں۔

یورپی پارلیمنٹ کے ارکان نے حکومت بحرین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک میں رائج شہری قوانین پر نظرثانی کرے تاکہ سیاسی محرکات اور دیگر بنیادوں پر جن لوگوں کی شہریت منسوخ کی گئی ہے اسے بحال کیا جاسکے۔

قابل ذکر ہے کہ بحرین کی شاہی حکومت نے اب تک تین سو شہریوں کی شہریت منسوخ کی ہے جن میں انسانی حقوق کے کارکن سیاسی اور مذہبی رہنما، صحافی اور ڈاکٹرز شامل ہیں۔