بحرینی مظاہرین پر سیکورٹی اہلکاروں کا حملہ
بحرینی سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں مظاہرہ کرنے والوں پر حملہ کر دیا ہے
منامہ سے موصولہ خبروں کے مطابق بحرینی شہریوں نے العکر علاقے میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت اور ان کی شہریت منسوخ کرنے کے حکومتی اقدام کے خلاف مظاہرہ کیا- مظاہرین نے اپنے مذہبی قائد کی حمایت میں نعرے لگائے اور ان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی شان میں آل خلیفہ حکومت کی گستاخی کی مذمت کی - مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت، شیخ عیسی قاسم کے خلاف کئے گئے اپنے فیصلے کو فوری طور واپس لے- اس درمیان بحرینی حکومت کی سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے مظاہرین پر فائرنگ کر دی اور ان پر آنسوگیس کے گولے بھی داغے - منامہ کے مغرب میں واقع الدراز علاقے میں بھی لوگوں نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں جلوس نکالا جبکہ ان کے گھر کے باہر ان کی حمایت میں عوام کا دھرنا بدستور جاری ہے - یاد رہے کہ بحرین کی آل خلیفہ حکومت نے گذشتہ بیس جون کو اپنے غیر قانونی اقدام کے تحت اس ملک کے بزرگ مذہبی رہنما آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت منسوخ کر دی - بحرینی حکومت کے اس اقدام کی بحرین اور دنیا کے مختلف ملکوں میں شدید مذمت کی جا رہی ہے - بحرینی عوام کی ایک بڑی تعداد نے بیس جون سے ہی آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے باہر حکومتی اقدام کے خلاف دھرنا دے رکھا ہے -